
شام غریباں کی مجلس حسینیۂ امام خمینی اور رہبر شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے مقام شہادت کے جوار میں منعقد ہوئی، جس میں اہلبیت عصمت و طہارت کے عقیدت مند مختلف عوامی طبقات سے تعلق رکھنے والے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔
یہ مجالس اس سال رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کی جانب سے منعقد کی جا رہی ہیں۔ آج کی مجلس سے حجۃ الاسلام والمسلمین طباطبائی نژاد نے خطاب کیا۔ انھوں نے قرآن مجید کی کچھ آيتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ راہ خدا کے مجاہدوں کا فریضہ، دشمنان خدا کے مقابلے میں ثابت قدمی، خداوند عالم کی طاقت و نصرت پر اعتماد، الہی قواعد پر عمل، اتحاد، تنازعے اور تفرقے سے پرہیز اور سختیوں کے مقابلے میں صبر ہے۔ انھوں نے کہا کہ اللہ کی طاقت پر ٹھوس ایمان، مزاحمت کا جذبہ پیدا ہونے کا سبب بنتا ہے، جیسا کہ ایران کی مومن قوم اپنے ایمان پر بھروسہ کرتے ہوئے بڑی طاقتوں کے سامنے ڈٹ گئی اور انھیں شکست سے دوچار کیا۔
مجلس کے آخر میں جناب مہدی سماواتی نے دعائے توسل پڑھی اور جناب محمد رضا بذری نے امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب باوفا کے مصائب بیان کیے اور نوحہ خوانی کی۔