rahbar.ir

رہبر شہید کے مقام شہادت کے قریب طلبہ کی انجمنوں کی شرکت سے ہر سال کی طرح اس سال بھی اربعین کی مجلس عزا کا انعقاد

اربعین حسینی کے موقع پر منگل 4 اگست 2026 کو ہزاروں طلبہ، طلبہ کی انجمنوں کی صورت میں رہبر شہید انقلاب اسلامی کے مقام شہادت کے قریب اکٹھا ہوئے اور زیارت اربعین پڑھنے کے ساتھ آیت اللہ العظمیٰ شہید سید علی حسینی خامنہ ای کو خراج عقیدت پش کیا۔

اس پروگرام میں، جو گزشتہ برسوں میں رہبر شہید کی موجودگی میں حسینیۂ امام خمینی میں منعقد ہوا کرتا تھا، حجۃ الاسلام والمسلمین طباطبائی نژاد نے اپنے خطاب میں امام حسین علیہ السلام کی زیارت اربعین کے مضامین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ولئ خدا کی معیت اور ہمراہی کے اثرات پر گفتگو کی۔ انھوں نے اس ہمراہی کے نتائج بیان کرتے ہوئے کہا: ولئ خدا کی ہمراہی کے ثمرات میں طہارت اور ولئ خدا سے مشابہت، معرفت اور بصیرت کا حصول، آمادہ دلوں میں محبت الہی کا پیدا ہونا اور دنیا و آخرت کی سعادت شامل ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس ہمراہی کی لازمی شرط افراط و تفریط سے بچنا ہے، اس طرح سے کہ نہ ولئ خدا سے پیچھے رہنا چاہیے اور نہ ان سے آگے بڑھنا چاہیے یا انتہا پسندی کا شکار ہونا چاہیے۔

مجلس میں جناب میثم مطیعی اور مہدی رسولی نے حضرت امام حسین علیہ السلام، خاندان عصمت اور ان کے اصحاب باوفا کے مصائب بیان کرتے ہوئے نوحہ خوانی کی اور رہبر شہید کے لیے بھی مرثیہ خوانی کی۔