آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے حکم سے:
سپریم کمانڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے ایک حکم کے ذریعے بریگیڈیر جنرل پاسدار احمد وحیدی کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف کے عہدے کے لیے منصوب کیا ہے۔
سپریم کمانڈر کا حکم حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
بریگیڈیر جنرل پاسدار احمد وحیدی
صہیونی-امریکی دشمن کے ہاتھوں لیفٹیننٹ جنرل پاسدار محمد پاکپور کی پرافتخار اور سرفرازانہ شہادت اور آپ کی شایان خدمات اور قابل قدر تجربات کے پیش نظر میں آپ کو میجر جنرل کا رینک عطا کرتے ہوئے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف کے عہدے کے لیے منصوب کرتا ہوں۔
ایسے حالات میں کہ جب اسلامی جمہوریۂ ایران کا مقدس نظام، عالمی سامراج کے خلاف ایک اسٹریٹیجک اور فیصلہ کن محاذ پر لڑ رہا ہے، آپ سے مندرجہ ذیل امور کو ہر ممکن طریقے سے عملی جامہ پہنائے جانے کی امید ہے:
1۔ زیادہ سے زیادہ ڈیٹرنس پاور کے حصول کے لیے صلاحیتوں میں مسلسل اور ہمہ جہت اضافہ اور دشمن کے خلاف بھرپور پیشگی حملہ انجام دینے کے لیے پوری ہوشیاری کے ساتھ آمادگی۔
2۔ سپاہ میں ثقافتی فروغ اور تمام پاسداران اور کمانڈروں کے اندرونی جوہر کی حیثیت سے تقویٰ، بصیرت اور انقلابی جذبے کی تقویت۔
3۔ سپاہ کے تنظیمی سلسلۂ مراتب میں روحانی و علمی بنیاد اور جدید مہارتوں سے لیس کمانڈ اور کنٹرول کا فروغ۔
دعا ہے کہ ہمارے آقا (امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف) کی دعاؤں اور شفاعت کے سائے میں اسلامی جمہوریۂ ایران کے مقدس نظام کی تمام مسلح فورسز کو بے شمار توفیقات اور مسلسل فتوحات نصیب ہوں۔
سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای