rahbar.ir

آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے حکم سے:

حجۃ الاسلام والمسلمین حسین طائب رضاکار فورس بسیج کے سربراہ مقرر

سپریم کمانڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے ایک حکم کے ذریعے حجۃ الاسلام والمسلمین حسین طائب کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی رضاکار فورس بسیج مستضعفین کے سربراہ کے عہدے کے لیے منصوب کیا۔

سپریم کمانڈر کا حکم حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

حجۃ الاسلام والمسلمین حسین طائب

صہیونی-امریکی دشمن کے ہاتھوں میجر جنرل غلام رضا سلیمانی کی پرافتخار اور سرفرازانہ شہادت کے پیش نظر اور آپ کی فرض شناسی، اہلیت اور قابل قدر تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے، نیز سپاہ کے کمانڈر انچیف کی تجویز پر میں آپ کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بسیج مستضعفین تنظیم کے سربراہ کے عہدے کے لیے منصوب کرتا ہوں۔

ملک کے نئے تقاضوں اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے، سپاہ کے کمانڈر انچیف کی تدابیر کو ملحوظ رکھتے ہوئے درج ذیل ضروری امور کو عملی جامہ پہنائے جانے کی توقع ہے:

1۔ "ہر ایرانی، ایک بسیجی" کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کی غرض سے مبعوث شدہ عوام کی تمام صلاحیتوں اور دسیوں لاکھ جاں نثار طبقات کو ایک مضبوط اور متحد ایران اور اسلامی انقلاب کے تحفظ کے لیے بروئے کار لاتے ہوئے بسیج اور مزاحمت کی ثقافت کو مزید گہرا اور وسیع کرنا۔

2۔ عوامی اطلاعات کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانا، بصیرت میں اضافے کے ساتھ ضروری مہارتوں اور تربیت کو فروغ دینا اور دشمن کے خطرات کا عوامی بنیادوں پر مقابلہ کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجیوں سے استفادہ کرنا۔

3۔ دیگر سرکاری اور عوامی اداروں اور تنظیموں کے ساتھ تعمیری اور مؤثر تعاون اور مسجد کو محور بنا کر مؤثر سماجی خدمات کی ترقی کے لیے جہادی گروہوں، مختلف طبقات اور محلوں کی بسیج فورس کی توسیع۔

4۔ صہیونی-امریکی سامراج کے مقابلے میں پوری دنیا میں عوامی مزاحمت اور استقامت کے نمونے کے طور پر بسیجی ثقافت کی ترویج۔

امید ہے کہ ہمارے آقا (امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف) کی عنایات اور دعائیں آپ اور تمام عزیز بسیجیوں کی مزید توفیقات کا سبب بنیں گی۔

سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای