
رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے جگر گوشۂ رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایام شہادت کی پانچویں اور آخری مجلس حسینیۂ زینبیہ میں سنیچر کی شام منقعد ہوئي جس میں عوام کے مختلف طبقوں کے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔
رہبر شہید کے مقام شہادت کے جوار میں منعقد ہونے والی یہ مجلس مغرب و عشا کی نماز جماعت سے ادا کیے جانے کے بعد شروع ہوئي۔ مجلس کے آغاز میں جناب مرتضی طاہری نے حضرت زہرا کے مصائب بیان کرتے ہوئے نوحہ خوانی کی۔
اس کے بعد حجت الاسلام و المسلمین محمد رضا عابدینی نے مجلس سے خطاب کیا۔ انھوں نے اپنے خطاب میں ظہور کے موضوع سے کسی بھی واقعے کے ربط کو، اس واقعے کی سختیوں اور مصائب کے تحمل کو آسان بنانے والا بتایا۔ انھوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے لیے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مصیبت کو برداشت کرنا اور اسی طرح سے واقعۂ کربلا کی مصیبت کو برداشت کرنا اسی تناظر میں ہے، کہا کہ ایرانی قوم کے لیے بڑے شیطان یعنی امریکا کے ہاتھوں رہبر انقلاب کی شہادت کی مصیبت کو برداشت کرنا اس لیے ممکن ہوا کہ یہ واقعہ ظہور سے مربوط ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس شہادت نے عوام کی بعثت اور ان کی بصیرت میں اضافے کی راہ ہموار کی اور دشمن کا مکر و حیلہ خود اس کی جانب پلٹ گیا ہے۔
مجلس کے آخر میں جناب مہدی رسولی نے ام الائمہ حضرت صدیقہ طاہرہ سلام اللہ مصائب بیان کرتے ہوئے نوحہ و سینہ زنی کی اور اسی طرح رہبر شہید کی یاد میں بھی نوحہ پڑھا۔