rahbar.ir

جوان آبادی کے چوتھے قومی پروگرام کے نام رہبر انقلاب اسلامی پیغام

رہبر انقلاب اسلامی نے منگل 24 نومبر کو جوان آبادی کے چوتھے قومی پروگرام کے نام ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں ملک میں افزائش نسل، گھرانے کو مرکز و محور بنانے اور اس سلسلے میں دیگر اہم موضوعات پر روشنی ڈالی ہے۔

رہبر انقلاب کا پیغام حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

جوان آبادی کے چوتھے قومی پروگرام کی مناسبت، آبادی کے اہم مسئلے پر گفتگو کا ایک اچھا موقع ہے۔ اقتدار و پیشرفت اور ایران کو ہر لحاظ سے مزید مضبوط بنانے کے ہدف کے حصول کے عوامل میں، ایران عزیز کی مستقبل کی آبادی میں اضافے کا مسئلہ، تعداد اور معیار کے لحاظ سے تمام مطلوبہ پہلوؤں کو محفوظ رکھتے ہوئے، سب سے اہم مسائل میں شمار ہوتا ہے۔ یہ اسٹریٹجک اور فیصلہ کن مسئلہ، جس پر گزشتہ عشروں کے دوران رہبر عظیم الشان شہید (سید علی خامنہ ای) اعلیٰ اللہ مقامہ نے بارہا تاکید کی تھی، جہاں ایک طرف صلاحیتوں کو عملی جامہ پہنانے اور علمی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی میدانوں میں متعدد مواقع پیدا کرنے اور انھیں فروغ دینے میں مؤثر ہے، وہیں دوسری طرف دشمنوں کی دھمکیوں اور دشمنیوں کو ناکام بنانے اور ان کا سدباب کرنے میں بھی اہم کردار کا حامل ہے۔ بظاہر ملک کے امور کی منصوبہ بندی اور انتظام کے میدان میں لگاتار چھائی رہنے والی ضرر رساں غفلت کے بعد، اب بعض اقدامات کے نتیجے میں ایسا موقع فراہم ہوا ہے کہ عوام اور ذمہ داران اس مسئلے پر زیادہ گہرائی سے توجہ دیں۔

آبادی کے مختلف پہلوؤں اور مختلف میدانوں میں اس کی ضروریات و لوازمات پر توجہ دیتے ہوئے، بعض اوقات فیملی اور بعض اوقات فرد، امور کے جائزے کا معیار ہوتا ہے۔ رہائش اور بہت سی اشیاء و خدمات جیسے بعض امور میں ان کا صارف اور استعمال کنندہ گھرانہ ہوتا ہے، جبکہ غذائی اشیاء، لباس اور حفظان صحت جیسے بعض دیگر معاملات میں فرد کو معیار کی اکائی کے طور پر مدنظر رکھا جاتا ہے۔ مطلوبہ آبادی کے حصول کا مسئلہ ان امور میں سے ہے جن میں یہ دونوں پہلو دخیل ہیں۔ اس لیے گھرانے کی بنیادوں کو مستحکم کرنے سے متعلق مختلف بنیادی ڈھانچوں اور پہلوؤں پر توجہ دینا، ملک میں آبادی کے انڈیکس کی اصلاح کی کوششوں کی راہ میں ایک مستقل عنصر ہوگا اور اسی طرح انفرادی پہلوؤں سے متعلق امور پر توجہ بھی ضروری ہے۔ نوجوانی کی عمر میں شادی کو آسان بنانے، انفرادی صحت و سلامتی کی فراہمی، جو خود متعدد امور سے وابستہ ہے، افزائش نسل کی حمایت، خاندان کو محور بنانے کے کلچر کے فروغ اور اس سلسلے میں کامیاب نمونوں کے تعارف جیسے امور پر سنجیدہ اور بھرپور توجہ بہت ضروری ہے کہ ان میں سے ہر ایک، ایران کو مزید مضبوط بنانے کی راہ میں ایک مؤثر قدم کی حیثیت رکھتا ہے۔ اسی طرح ان باتوں کو پوری قوم، بالخصوص نوجوانوں کے سامنے صحیح انداز میں پیش کرنا بھی اس مقصد کے حصول میں ایک اور مددگار اقدام ہوگا۔

بلاشبہ ہر غیرت مند ایرانی، جو اس سرزمین، اس کے عوام اور اس کے مستقبل کے لیے روشن اور شاندار مستقبل کا خواہاں ہے، نئے اسلامی تمدن کے معیار پر پورا اترنے والی ایرانی نسل کے تسلسل کے لیے مضبوط جذبہ اور ارادہ رکھتا ہوگا۔ مجھے پوری امید ہے کہ آبادی سے متعلق ماضی کی بعض پالیسیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی خامیوں کا ازالہ کرتے ہوئے اور نوجوان آبادی میں اضافے اور اس معاملے میں گھرانے کو محور بنانے کی صحیح اور اسٹریٹجک پالیسی پر سنجیدگی سے عمل پیرا ہوکر ہمارا عزیز وطن اس نازک موڑ اور فیصلہ کن مرحلے سے بحفاظت گزر جائے گا جس میں ہم اس وقت موجود ہیں۔ خداوند عالم کی توفیق اور ہمارے سرور و آقا حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی دعائے خیر و برکت کے طفیل اس دور میں حق و انصاف کے علَم بردار شمار ہونے والے ایرانیوں پر اللہ تعالیٰ کی برکتوں کے نزول کے اسباب پہلے سے کہیں زیادہ اور بہتر انداز میں فراہم ہوں گے، اللہ کے فضل و کرم سے۔

سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای

24 نومبر 2026