
ہفتۂ بسیج کے موقع پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای نے پیغام جاری کیا ہے۔
رہبر انقلاب کا پیغام حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
ہفتۂ بسیج، بسیج کے حیرت انگیز اور گراں قدر مظہر پر ایک نئے زاویے سے نگاہ ڈالنے کا موزوں موقع ہے۔ یہ وہ ادارہ ہے جس کی بنیاد حضرت امام خمینی اعلیٰ اللہ مقامہ الشریف کے حکم اور جدت عمل سے رکھی گئی، تاکہ بتدریج اور ایک ارتقائی مرحلے کے دوران، ایرانیوں کی مختلف نسلوں سے تعلق رکھنے والے پُرعزم، پُرامید، ایثار پیشہ، اسلام و ایران کی سربلندی کے آرزومند اور مکتبِ حسین علیہ الصلوٰۃ والسلام کے جاں نثار افراد کو ایک مرکز پر جمع کیا جائے اور وہ حق و عدل کے حامیوں کا ایک مستحکم اور مضبوط حصار بنیں۔
بسیج نے ابتدا ہی میں آٹھ سالہ دفاع کے دوران اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا؛ جب اس نے میدانِ جنگ میں مؤثر اور فیصلہ کن موجودگی کے ذریعے جنگ کا بنیادی اور مرکزی پشت پناہ بننے کا کردار ادا کیا۔ اس مقدس معرکے کے دوران نوجوانوں سے لے کر عمر رسیدہ افراد تک، بسیجیوں نے مورچوں اور خندقوں کے روح پرور ماحول سے بے شمار معنوی فیوض و برکات حاصل کیے، اور انہی کے طفیل ملک کے شہروں اور دیہی علاقوں کی فضا بھی معطر ہوتی رہی۔
یوں عوام کے ذہنوں میں بسیج اور بسیجیوں کا جو نقش ابھرا وہ ایمان، احساسِ ذمہ داری، خلوص و صفا، اخلاص، بصیرت، شجاعت، مجاہدت، ادائے فرض، ایثار اور دوسروں کے لیے جان نثاری و فداکاری کی تصویر تھا۔ یہ ایسی صفات کا مجموعہ تھا جن میں سے بعض کے ذریعے اس سرزمین کے قدیم ادبی آثار میں اخلاقی اقدار کے پابند نامور پہلوانوں کو بھی متصف کیا گیا تھا۔ اگر اب تک افسانوی داستانوں کے بعض کردار ان اوصاف میں سے چند ایک کی علامت سمجھے جاتے تھے، تو اب اسلامی انقلاب کی برکت سے حقیقی زندگی کی داستان میں حقیقی کردار بسیج کے لباس میں ملبوس ہوکر کارنامے انجام دے رہے تھے اور ایثار و قربانی کے بے شمار نمونے پیش کر رہے تھے۔
اگرچہ آٹھ سال کے بعد دفاعِ مقدس کا دور اپنے قابلِ افتخار اختتام کو پہنچا، لیکن جذبۂ بسیجی نے ملک کے سرکاری اور بالخصوص غیر سرکاری نظاموں کے مختلف شعبوں پر اپنے گہرے اثرات چھوڑے۔ یہ جذبہ ایک عظیم سرمایہ تھا جسے دفاعِ مقدس، امام خمینی اعلیٰ اللہ مقامہ الشریف کی رہنمائیوں اور عوام کے وسیع حلقوں کی پشت پناہی نے وجود بخشا۔ اس موضوع کے بعض پہلوؤں کی مزید وضاحت کے لیے چند نکات عرض کیے جاتے ہیں:
اول: اس میں کوئی شک نہیں کہ تیسرے دفاعِ مقدس میں عظیم ایرانی قوم کی بیداری و بعثت کے ساتھ، جو ایک اعتبار سے پورے ملک میں جذبۂ بسیجی کے پھیلاؤ کا مظہر ہے، تنظیمِ بسیج کو بھی ایک نئی تبدیلی اور ازسرِنو تشکیل کے مرحلے سے گزرنا چاہیے۔ اس تنظیم کو بیدار و برانگیختہ قوم کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے بسیج کی سابقہ صورتوں سے زیادہ ترقی یافتہ اور جدید تر نمونے مرتب کرنے اور ان کا انتظام و انصرام سنبھالنے کی ضرورت ہے۔
لہٰذا اب سے ہمیں بلند، مضبوط اور سوچے سمجھے قدموں کے ساتھ ’’ہر ایرانی، ایک بسیجی‘‘ کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کی سمت پیش قدمی کرنی چاہیے۔
آج فوج، سپاہِ پاسداران، پولیس، سرکاری اداروں اور پارلیمان سے وابستہ افراد، اسی طرح عوام کے وسیع حلقوں سے تعلق رکھنے والے بے شمار لوگ، چونکہ بسیج کے مکتب و مسلک سے دلی وابستگی رکھتے ہیں، اس لیے خود کو بسیجیوں میں شمار کرتے ہیں۔ یہی کیفیت ان پرچم برداروں کی بھی ہے جو راتوں کو سرکلوں اور شاہراہوں میں موجود رہتے ہیں اور جنہوں نے قوم کی اس بیداری و بعثت کو زیادہ محسوس اور نمایاں صورت عطا کی ہے۔ اسی طرح بے شمار جاں نثار بھی عملاً اسی جذبے کے حامل ہیں۔
بہت سے ایسے افراد بھی ہیں جو رسمی طور پر بسیج کے رکن نہیں، لیکن بسیج کی فکر اور اس کے مکتب کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور بسا اوقات اپنی روش و کردار کو بھی اسی کے مطابق ڈھالتے ہیں۔ بسیج کو اس عطیۂ خداوندی سے بہترین انداز میں استفادہ کرنا چاہیے۔
دوم: مذکورہ بالا وسیع صلاحیتوں کے علاوہ، بسیج کی تنظیم کو بھی ہمیشہ ملک کے گوشے گوشے میں جذبۂ بسیجی کے فروغ کے لیے کوشش کرتے رہنا چاہیے۔ جذبۂ بسیجی، جس کی بعض خصوصیات کا ذکر کیا گیا، خود بسیجیوں کے عملی کردار کے ذریعے معاشرے کے مختلف طبقات اور اجزا میں پھیلایا جا سکتا ہے۔
حسنِ اخلاق، شفقت و مہربانی، لوگوں کے احترام، انفرادی اور اجتماعی تقوے کے مختلف پہلوؤں کی رعایت، نیز ان صفات کو اپنانا جن کے باعث ماضی میں بہت سے بسیجی پہچانے جاتے تھے، مثلاً تواضع و فروتنی، ایثار، خودنمائی سے گریز، تجملات و تکلفات سے دوری اور اسی نوعیت کے دیگر پسندیدہ اوصاف و کردار، بسیجیوں کو ہر محلے، شہر اور گاؤں میں قوم کی آنکھوں کا تارا بنا سکتے ہیں اور سب کو اس طرزِ فکر و عمل کی پیروی کی دعوت دے سکتے ہیں۔
سوم: بسیجیوں کی بنیادی وابستگی مکتبِ حسین علیہ الصلوٰۃ والسلام سے ہے، جو خالص اسلامِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صحیح تعبیر و قرأت ہے۔ ان کے تمام روابط و تعلقات اور لاتعلقی و بیزاری، اسی بنیاد پر تشکیل پاتے ہیں۔ قرآن کریم کی دو حیات بخش تعلیمات، ’’رُحَمَاءُ بَیْنَہُمْ‘‘ (آپس میں نہایت مہربان) اور ’’أَشِدَّاءُ عَلَی الْکُفَّارِ‘‘ (کفار کے مقابلے میں سخت گیر)، بسیجیوں کے دلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
اسی بنا پر وہ عوام، نظام اور انقلاب کے ساتھ ہر طرح کی محبت، مہربانی اور ایثار کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اسلام و اسلامی نظام کے دشمنوں کو ضرب لگانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔
سماجی یکجہتی اور ملتِ ایران کے مقدس اتحاد کی پاسداری تمام بسیجیوں کی مشترکہ صفات میں شامل ہونی چاہیے۔ ان دنوں اس اتحاد کی عظمت اور اس کے گہرے اثرات، میدانِ جنگ میں اسلام کے شجاع اور فداکار مجاہدین کی فتوحات کے تسلسل میں، حق و باطل کے دونوں محاذوں پر دشمن کے منصوبوں پر پڑنے والے اثرات کی صورت میں پوری طرح نمایاں ہیں۔
چہارم :بسیج نے اپنے وجود میں آنے سے لے کر اب تک، اپنے بسیجیوں کی مدد سے بہت سے رسمی اور غیر رسمی اداروں کی کمزوریوں اور کمیوں کی تلافی کی ہے۔ اب جبکہ ایرانی عوام کی بیداری و بعثت کے دور میں بسیج نے نمایاں ترقی کی ہے، تو اس کی بالفعل موجود صلاحیتیں، نیز وہ تمام افراد جو قلبی طور پر بسیجی شمار ہوتے ہیں، ایک عظیم قوت کی تشکیل کرتے ہیں۔
ان میں چوراہوں اور سڑکوں پر جمع ہونے والے افراد، جاں نثار اور وہ دوسرے لوگ شامل ہیں جو ان کے ساتھ مل کر انفرادی اور اجتماعی ارتقا کے راستے پر ہم عہد و ہم قدم ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کے دل بسیج کے حقیقی مراکز و مورچے شمار ہوتے ہیں۔
اس عظیم قوت کے ایک ایک جزو سے ملک کے مسائل حل کرنے اور نئے اور منفرد مواقع تک رسائی حاصل کرنے کے لیے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔ اسی طرح ’’ہر ایرانی، ایک بسیجی‘‘ کے نعرے کو مزید وسعت، گہرائی اور معنویت عطا کی جا سکتی ہے۔
امید ہے کہ ان نکات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے، ایرانی بسیج اس ملک کی تاریخ میں باہمی تعاون و امداد کا ایک اعلیٰ نمونہ اور امت و ملت کے مفہوم کی عملی تعبیر کا ایک مثالی معیار ثبت کرے گی؛ اس طرح کہ وہ مستقبل کی نمایاں ترقیوں اور عظیم پیش رفتوں کا نقطۂ آغاز بن جائے۔
میں بارگاہِ خداوندِ متعال میں دعا گو ہوں کہ وہ بسیج کے عزیز شہداء کو اپنی رضوان و رضا اور اہلِ بیت علیہم السلام کی قربت سے بہرہ مند فرمائے، ان کے عزیز جانبازوں کو صبر و عافیت عطا کرے اور ایران کے تمام بسیجیوں اور مزاحمتی محاذ کے مجاہدین کو، مَیں خود بھی انھیں میں شامل ایک ادنیٰ فرد ہوں، ہمارے آقا و مولا حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے سپاہیوں میں شامل فرمائے اور ان کی دعائے خیر، فتح و نصرت اور برکتوں سے سرفراز فرمائے۔
سیّد مجتبیٰ حسینی خامنہ ای
26 نومبر 2026